بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ راج سنگھ چوہان کو ٹھنڈی چائے پیش کرنے کی پاداش میں ایک افسر کیخلاف سخت تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈوئچے ویلے (ڈی ڈبلیو) میں شائع دلچسپ خبر کے مطابق وزیراعلیٰ کو ٹھنڈی چائے پیش کرنے والے افسر کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے یہ حرکت کرکے پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی کی۔ افسر کو اظہار وجوہ کا نوٹس دیتے ہوئے حکم دیا گیا ہے کہ وہ 3 یوم کے اندر اندر اس حرکت کی وجہ بیان کریں، ورنہ یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خبر کے مطابق مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ راج سنگھ چوہان گذشتہ دنوں الیکشن مہم کے سلسلے میں ائیرپورٹ پر کچھ دیر کیلئے رکے جہاں وی آئی پی لائونج میں ان کو ناشتہ اور چائے پیش کی گئی لیکن چائے ٹھنڈی تھی۔ اس ٹھنڈی چائے کا گھونٹ لگاتے ہی وزیراعلیٰ چوہان سیخ پا ہو گئے اور فوری طور پر اس معاملے کو دیکھ رہے افسر کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ جس انڈین افسر کیخلاف کارروائی شروع کی گئی ہے، اس کا نام راکیش کانوہا بتایا جا رہا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افسر کی ذمہ داری تھی کہ وہ وزیراعلیٰ چوہان اور ان کیساتھ دیگر مہمانوں کی آئو بھگت کریں لیکن انہوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹھنڈی چائے پیش کر دی۔ حکومت کی جانب سے افسر کو جاری نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کی وجہ سے انتظامیہ کو سبکی اٹھانا پڑی۔ آخر ان کیخلاف سخت کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ انہیں 3 یوم کے اندر اندر اپنا جواب دینے کا حکم دیا جاتا ہے، بصورت دیگر یکطرفہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ نوٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو اس کیخلاف عوام کا شدید ردعمل سامنے آیا، انتظامیہ نے معاملہ ہاتھ سے نکلتا ہوا دیکھا تو فوری طور پر افسر کیخلاف نوٹس کو واپس لے لیا۔