ہالی وڈ کے سینیئر اداکار ٹریفک حادثے میں چل بسے

ہالی وڈ کے سینیئر اداکار ٹریفک حادثے میں چل بسے
امریکہ کے معروف اداکار ٹریٹ ولیمز ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 71 سالہ اداکار ورمونٹ کے علاقے میں اپنی موٹر سائیکل پر سوار تھے کے اچانک سے سڑک کی بائیں جانب مڑنے والی اسپورٹ موٹر وہیکل (ایس یو وی) نے انہیں ٹکر مار دی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوری بعد ہی اداکار کو ائیرلفٹ کرتے ہوئے اسپتال پہنچا دیا گیا تاہم اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی وہ زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔ ٹریٹ ولیمز نے 1979 میں ریلیز ہونے والی فلم ہئیر (Hair) میں خانہ بدوش جارج برگر کے کردار سے شہرت حاصل کی ہے جب کہ انہوں نے اسٹیون اسپیل برگ کی فلم 1941، 1984 کی ونس اپان اے ٹائم ان امریکا، 1988 کی ڈیڈ ہِیٹ، 1995 کی تھنگز ٹو ڈو ان ڈینور وہین یو آر ڈیڈ اور 1998 کی ڈیپ رائزنگ میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے اپنے 50 سالہ شوبز کیرئیر میں 130 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے ، ان کے مداح ان کو ’اداکاروں کے اداکار‘ کے لقب سے یاد کرتے ہیں۔ ٹریٹ ولیمز نے اسٹیج پر اداکاری کے علاوہ ٹیلی ویژن کے لئے بھی کام کیا ہے ، 1996 میں ٹی وی مووی دی لیٹ شفٹ کے لئے انہیں ایمی ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا تھا جب کہ اس سے قبل 1980 میں انہیں 3 گولڈن گلوب ایوارڈز کے لئے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ ٹریٹ ولیمز 1951 میں امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں پیدا ہوئے ، 1988 میں پام وین سینٹ نامی خاتون سے شادی کی جس سے ان کے دو بچے ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔