لاہور: سابق وزیر اعظم عمران کی گرفتاری کیلئے پولیس نے زمان پارک کی جانب پیش قدمی شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس نے زمان پارک کی جانب پیش قدمی شروع کردی ہے۔ زمان پارک کے باہر موجود پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں تصادم،کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کا لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی ، اسکے علاوہ پولیس کی جانب سے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا جا رہے۔ پولیس نے کئی کارکنوں کو حراست میںلے لیا ہے. پی ٹی آئی کارکنوںکی جانب سے پتھراؤ میں کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں. اس سے قبل ڈی آئی جی نے لاؤڈ اسپیکر پر اعلان کیا کہ ہمارے پاس عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ہیں ،قانون کو ہاتھ میں مت لیں۔ خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نےگزشتہ روز عمران خان کے علیحدہ علیحدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ آج اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردیے ہیں۔