ویب ڈیسک: احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔
تفصیلات کے مطابق حسن اور حسین نواز عدالت کے سامنے پیش ہوگئے۔ وکیل قاضی مصباح عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل میں کہا کہ ہم لوگ حاضر ہیں۔
حسن اور حسین نواز روسڑم پر آگئے۔ قاضی مصباح نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری حاضری کے لیے تھے۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے استفسار کیا کہ کتنے کیسز میں ملزم ہیں۔ جس پر وکیل نے بتایا کہ تین کیسز میں عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں اس عدالت سے سزا پانے والے ملزمان بری ہوگئے ہیں۔ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بری ہوگئے ہیں۔
قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف احتساب عدالت سے بری ہوگئے تھے۔ نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے اپیل واپس لے لی تھی۔ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف بری ہوگئے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ان کی حاضری لگا لیں۔ احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔