پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ سہارا نہ ڈھونڈے، اپنے بل بوتے پر سیاست کرے۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے مٹھی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کل مخصوص فیلڈ سجائی جارہی ہے، ن لیگ اپنے بل بوتے پر سیاست کرے، وفاق اور پنجاب حکومت ہو، اداروں کا ساتھ ہو اور ضمنی الیکشن ہار جائیں، بلدیاتی الیکشن سے ایسے بھاگے جیسے انہیں کوئی خوف ہو، شایدان کا خوف نکل چکا ہو یہ سمجھتے ہیں سرپرائز دیا جائے گا، ایسی سیاست کا نقصان ہوتا ہے فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں مشکلات کا شکار ن لیگ دوسرے صوبوں میں جارہی ہے، میری تجویز ہے میاں صاحب لاہور میں ہی فوکس کریں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں سیاسی پولورائزیشن ہے، اس حد تک آچکے کہ بات کرنے کوتیار نہیں، انتشار کی سیاست جاری رہی تو حالات نہیں بدلیں گے، پیپلز پارٹی کا کسی ادارے سے اس وقت کوئی جھگڑا نہیں، گالم گلوچ کی سیاست ہماری ٹریننگ نہیں رہی، لیول پلیئنگ فیلڈ پیپلز پارٹی کو کبھی نہیں ملی، پیپلز پارٹی عوام کی جانب دیکھ رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ الیکشن کی طرف جارہے ہیں، خواہش ہے پیپلز پارٹی کی حکومت ہی بنے، ہم عوام دوست حکومت چاہتے ہیں، پی ڈی ایم حکومت بنانا وقت کی ضرورت تھی، قومی مفاد سامنے رکھتے ہوئے پی ڈی ایم کا فیصلہ کیا تھا، سیاسی مفاد سامنے رکھتے تو فیصلے دوسرے ہوتے۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، کوشش ہے ملک میں جمہوریت سے بہتری لائیں، اسلام آباد میں بیٹھنے والوں کو زمینی حقائق کا کم معلوم ہے، سب جانتے ہیں پیپلز پارٹی غریب کا احساس کرتی ہے، پیپلز پارٹی حکومت میں آتی ہے تو انقلابی منصوبے لاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بےروزگاری ہے، کوئی امید نظر نہیں آئی کہ مشکلات کب ختم ہوں گی، معاشی حالات کی وجہ سے لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہر پیچ پر کھیلنے کو تیار ہے، اپنے 15 ماہ کے کردار پر الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہوں، شہباز شریف، اسحاق ڈار، احسن اقبال و دیگر سے پوچھیں وہ تیار ہیں یا منہ چھپا رہے ہیں۔