لاہور ( پبلک نیوز) خیبر پختونخوا نے ایک بار پھرقومی ٹی ٹونٹی کپ کا تاج سر پر سجالیا، فائنل میں سنٹرل پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دی ۔ کے پی کپتان افتخار احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے آخری معرکے میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 148رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ احمد شہزاد 44 رنز بنا کرنمایاں رہے جبکہ کامران اکمل نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے افتخار احمد اور محمد عمران نے 3،3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ارشد اقبال 2 جبکہ عمران خان اور خالد عثمان نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن خیبر پختونخوا کے کپتان افتخار احمد نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کامران غلام37 اور عادل امین 25 سکور کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ خیبرپختونخوا نے 149رنز کا ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر 17اوورز میں 152رنز بنا کر حاصل کرلیا۔ آل راؤنڈ کارکردگی پر افتخار احمد کو مین آف دی میچ اور پلئیر آف دی ٹورنامنٹ کے ایوارڈ دئیے گئے۔