ویب ڈیسک: عدالت نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس میں ملزمہ آمنہ عروج کے 11 شریک ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دنوں کی توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج عرفان حیدر نے کی۔ جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر حسن شاہ سمیت دیگر کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کردی۔ ملزمان میں حسن شاہ،تنویر احمد،قیصر عباس،رشید احمد ،فلک شیر ،میاں خان، یاسر علی،جاوید اقبال،ذیشان قیوم اور معمون حیدر شامل ہیں۔
پولیس نے کہا کہ ملزمان نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے اے ٹی ایم سے 2 لاکھ 87 روپے نکلوائے،ملزمان نے ڈرامہ نگار سے ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا۔حسن شاہ سمیت دیگر آمنہ عروج کے شریک جرم ساتھی ہیں۔
تفتیشی افسر نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کیخلاف مقدمہ کا چالان تیاری کے مرحلہ میں ہے جلد عدالت میں جمع کرا دیا جائےگا مہلت دی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے ملزمہ آمنہ عروج کے 11 شریک ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دنوں کی توسیع کرتے ہوئے ملزمان کو 28 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔