جے یو آئی اور پی ٹی آئی ایک پیج پر، اگلا پلان کیا؟

جے یو آئی اور پی ٹی آئی ایک پیج پر، اگلا پلان کیا؟
کیپشن: PTI & JUF
سورس: web desk

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ،دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔

تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کی سیاسی صورتحال اور انتخابات کے بعد حکومت سازی کے عمل پر تبادلہ خیال کیا، اسد قیصر نے وفاقی حکومت کے بننے اور چلنے کے عمل پر پی ٹی آئی کے تحفظات سے آگاہ کیا،گفتگو میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی میں رابطوں کو باقاعدگی سے بڑھانے پراتفاق کیا۔

رہنماؤں میں اتفاق ہوا کہ دونوں جماعتیں حکومت سازی کے موجودہ عمل کو مسترد کرتی ہیں، اسد قیصر نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے عوامی مینڈیٹ مجروح کیا گیا، عوامی مینڈیٹ مجروح کرنے کے عمل کے خلاف منظم جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام میں فکری ہم آہنگی انتہائی خوش آئند ہے،عوامی خودمختاری، آئینی بالادستی کے لئے تحریک تحفظ پاکستان کے پلیٹ فارم پر مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔

دوسری جانب  جے یو آئی صوبہ پنجاب نے لاہور میں عوامی اسمبلی احتجاجی پروگرام کی تیاری کی ہدایات جاری کردیں۔

سیکرٹری جنرل جے یو آئی پنجاب حافظ نصیر احمد احرار کے مطابق اضلاع و تحصیلوں کی جماعتیں عوامی اسمبلی کی تیاری کے لیے صوبہ بھر میں عید ملن کے عنوان سے پروگراموں کا انعقاد کریں۔ صوبائی قیادت عوامی اسمبلی کی تیاری کے لیے صوبہ بھر کے اضلاع کا دورہ کرکے پارٹی کارکنوں کو فعال کرے گی۔ 

ووٹ کے تحفظ، اہل فلسطین سے یکجہتی اور غزہ کے مظلومین کے حق میں آواز بلند کریں گے۔گزشتہ الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں اور اس کے خلاف عوامی قوت کو متحرک کریں گے۔ لاہور کی عوامی اسمبلی میں تاریخ ساز اجتماع کرکے قوم کو جے یو آئی کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے۔