کراچی(پبلک نیوز) شہر قائد سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے سینیٹ اانتخابات میں وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا۔ رکن اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی کا رکن ہوں لیکن حفیظ شیخ کو ووٹ نہیں دوں گا۔
عامر لیاقت اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ شیخ میری جماعت کے نہیں، پہلے جماعت میں آئیں، حلف اٹھائیں اور کچھ ماہ پارٹی میں گزاریں۔ عامر لیاقت حسین نے اس سے قبل وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو ٹکٹ ملنے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو تحریک انصاف نے اسلام آباد سے سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا ہے۔
دوسری جانب عامر لیاقت حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ا طلاعات فردوس عاشق اعوان نے انہیں پارٹی ضوابط کی پابندی کا مشورہ دے دیا۔میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عامر لیاقت جماعت کے ڈسپلن کی پابندی کریں، ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنی اداؤں پر غور کریں، ہم نے کچھ کہا تو شکایت ہو گی۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف میں سینیٹ انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم پر شدید اختلافات سامنے آئے، پی ٹی آئی بلوچستان نے عبدالقادر کو سینیٹ ٹکٹ دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس پر عمران خان نے عبدالقادر کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔بعد ازان سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں بلوچستان کے بعد سندھ سے بھی آواز اٹھنے لگی۔
خیال رہے سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاآج آخری روز ہے جبکہ سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہو گی۔