جنیوا: (ویب ڈیسک) عالمی اداہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے دو نئے علاجوں کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت مرض کی شدت اور زندگیوں کو بچانے کے لئے ویکسین کے ساتھ ساتھ کچھ آلات کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے یہ منظوری جمعے کو دی ہے اور یہ خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کورونا کے اومی کرون ویریئنٹ کے کیسز پوری دنیا میں بڑھ رہے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال مارچ تک یورپ کی نصف آبادی اومیکرون سے متاثر ہو سکتی ہے۔ برٹش میڈیکل جرنل (بی ایم جے) میں اپنی تجاویز میں ڈبلیو ایچ او کے ماہرین نے کہا کہ جوڑوں کے درد کی دوائی باریسیٹینیب کا کورٹیکوسٹیرائیڈز کے ساتھ استعمال کورونا سے شدید متاثر مریضوں کے علاج کے لئے کیا جاتا ہے جس سے زندگیاں بچانے کی شرح بہتر اور وینٹی لیٹرز کی ضرورت میں کمی ہوتی ہے۔ ماہرین نے ان افراد کے لئے مصنوعی اینٹی باڈیز ٹریٹمنٹ سوتروویمیب کی بھی سفارش کی ہے، جو معمولی نوعیت کے وائرس کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہو سکتے ہیں جیسا کہ عمر رسیدہ اور قوت مدافعت کی کمی یا ذیابیطس جیسی دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق ہسپتال میں داخل ہونے کے خطرے سے دوچار افراد کے لئے سوتروویمیب کے فوائد غیر معمولی ہیں، تاہم ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے خلاف اس کی تاثیر ابھی تک غیر یقینی ہے۔