لاہور: پنجاب میں انتخابات کی شفافیت کے لیے نگران وزیراعلی کے تقرر پر اہم تجاویز سامنے آگئیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعلی کے ناموں پر اتفاق رائے کے لیے مشترکہ دوست سرگرم ہوگئے ہیں ، مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی اور ق لیگ کے مشترکہ دوستوں نے کسی ایک نام پر اتفاقِ رائے کے لیے بیک ڈور رابطے کیے۔ ذرائع کے مطابق مشترکہ دوستوں کی جانب سے تینوں جماعتوں کو اعظم سلمان سمیت دو نام پیش کیے۔مشترکہ دوستوں نے پیغام دیا کہ چیف الیکشن کمشنر تک معاملات نہ جائیں آپس میں ہی کسی ایک پر متفق ہوں۔ اگر چیف الیکشن کمشنر اپوازشن یا حکومت کے کسی ایک کو نگران وزیراعلی نامزد کریں گے تو شکوک وشبہات پیدا ہونے کاخدشہ ہے۔ مشترکہ دوستوں نے رائے دی کہ بہتر ہے کہ جمہوری روایات کو مدنظر رکھ کر آپس میں کسی غیر متنازع شخصیت کو نامزد کر دیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ابتدائی رابطوں میں تینوں جماعتوں کی رہنماؤں نے مشترکہ دوستوں کی تجویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، مشترکہ دوستوں کی تجویز پر تینوں جماعتیں آ ج اس پر غور کریں گی، مشترکہ دوستوں کی تجویز پسند آگئی تو کسی ایک نام پر اتفاقِ رائے کا بھی امکان ہے۔