تاشقند ( پبلک نیوز) وزیراعظم کا دورہ ازبکستان کیوں ضروری ہے؟ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دو اہم ترین مقاصد بتا دیئے۔ ازبکستان میں گفتگو کے دوران انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ازبک ہم منصب سے ملاقات ہوئی۔ آج شام وزیراعظم عمران خان اور ازبک صدر کی ملاقات ہوگی۔ اس دورے کے دو اہم مقاصد ہیں۔ پہلے مقصد کے بارے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان سفری سہولتوں میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ کراچی یا گوادر کی بندرگاہ سے تاشقند تک تجارت بڑھائی جائے۔ اس کے نتیجہ میں سینٹرل ایشین ریاستوں کے ساتھ تجارت میں کئی گنا اضافہ ممکن ہو گا۔ وزارت تجارت نے اس پر کافی کام مکمل کرلیا ہے۔ فواد چودھری نے بتایا کہ دورے کا دوسرا حصہ افغانستان میں امن سے متعلق ہے۔ کل ازبکستان میں بہت اہم کانفرنس ہورہی ہے۔ کانفرنس میں پاکستان علاقائی روابط پر بات کرے گا۔ وزیراعظم بتائیں گے کیوں اس خطے کا آپس میں رابطہ ضروری ہے۔ اس کے نتیجے میں معیشیت کی وسعت میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر کی جانب سے بتایا گیا کہ وزیراعظم کا ازبکستان آمد پر شایان شان طریقے سے استقبال کیا گیا۔ تاشقند میں آئے تاجروں کو کاروبار کے بہترین مواقع ملے ہیں۔ یہ دورہ پاکستان ازبکستان اور سینٹرل ایشیائی ریاستوں کے لیے سکیورٹی اور معاشی مواقع کا نیا دروازہ کھولے گا۔