الیکشن دھاندلی کیس:ہائیکورٹ کے حکم امتناع تک کچھ نہیں ہوسکتا، جسٹس طارق محمودجہانگیری

الیکشن دھاندلی کیس:ہائیکورٹ کے حکم امتناع تک کچھ نہیں ہوسکتا، جسٹس طارق محمودجہانگیری
کیپشن: الیکشن دھاندلی کیس:ہائیکورٹ کے حکم امتناع تک کچھ نہیں ہوسکتا، جسٹس طارق محمودجہانگیری

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں قومی اسمبلی کے حلقوں ‏این اے 46، این اے 47 اور این اے 48 میں دھاندلی سے متعلق کیس کے دوران جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ تمام فریقین کی جانب سے جواب آچکا، ایک ہفتے کے اندر کیس ختم ہونا تھا، ہائیکورٹ نے ٹرائل آگے بڑھانے پرسٹے دیا ہے، جب تک ہائیکورٹ کے اسٹے کا آرڈرفیلڈ میں ہے تو کچھ نہیں ہوسکتا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں وفاقی دارالحکومت کے حلقوں میں الیکشن دھاندلی سے متعلق کیسسز کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی جبکہ ن لیگ کے ممبرقومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس تو تمام فارمز آگئے ہیں اب کیا چاہیئے۔

پی ٹی آئی امیدوار کے وکیل سے شعیب شاہین نے کہا کہ میں اپنے کیس کی بات کروں گا مجھے فارمز نہیں ملیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ نے ٹرائل آگے بڑھانے پر اسٹے دیا ہے، ہم نے تینوں ایم این ایز کو طلب کیا تھا،روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کرنے کا بھی حکم دیا تھا، میں تو روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کے لیے تیار ہوں ، آپ جاکر سٹے ختم کرائے۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ تمام فریقین کی جانب سے جواب آچکا، ایک ہفتے کے اندر کیس نے ختم ہونا ہے،اگر میں 20 صفحات پر فیصلہ دوں اور کیس دوسرے ٹربیونل میں چلا جائے پھر کیا ہوگا، جب تک ہائیکورٹ کے اسٹے کا آرڈر فیلڈ میں ہے تو کچھ نہیں ہوسکتا۔

درخواست گزار کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ عدالتی آرڈر پر فریقین نے ابھی تک عمل درآمد ہی نہیں کیا،ای ایم ایس ریکارڈ جمع کرنے کے لیے ریٹرننگ افسر کو عدالت نے حکم دیا تھا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ 22 کو چیف جسٹس نے سماعت کرنی ہے اگر اسٹے ختم ہوگیا تو ہم جاری رکھیں گے، اس کیس کو 24 کو رکھ لیتے ہیں آگے دیکھا جائے گا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 24 جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ 11 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے الیکشن ٹریبونل کو قومی اسمبلی کے تینوں حلقوں ‏این اے 46، این اے 47 اور این اے 48 کا باقاعدہ ٹرائل آگے بڑھانے سے روک دیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں کے انتخابی نتائج کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کررکھا ہے۔

این اے 46 اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار عامر مغل نے انتخابی نتائج کو ٹریبونل میں چیلنج کیا۔

این اے 47 اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار شعیب شاہین نے انتخابی نتائج کو چیلنج کردیا ہے۔

ان کے علاوہ این اے 48 سے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار علی بخاری نے انتخابی نتائج کو ٹریبونل میں چیلنج کیا ہے۔

Watch Live Public News