عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات جاری
الیکشن کمیشن نے عمران خان کے سال 2021ء کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ دستاویز کے مطابق عمران خان کے سال 2020ء کی نسبت 2021ء کے اثاثوں میں 6 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ عمران خان کے سال 2020ء میں اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ سے زائد تھی۔ دستاویز کے مطابق عمران خان پر سال 2020ء میں 7 کروڑ سے زائد کا قرض تھا۔ 2020ء میں قرض کی رقم شامل کر کے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد تھی۔ سال 2021ء کے اثاثوں کے مطابق عمران خان کے ذمہ کچھ واجب الادا نہیں ہیں۔ عمران خان کے گوشواروں میں زمان پارک، میانوالی اور بھکر میں وراثتی زمین ظاہر کی گئی تھی۔ جبکہ چیئرمین تحریک انصاف نے بنی گالا گھر کو گفٹ ظاہر کیا۔ ای سی پی دستاویز کے مطابق عمران خان کے پاس گرینڈ حیات اسلام آباد ٹاور میں ایک فلیٹ 1 کروڑ 19 لاکھ کا ہے۔ جبکہ ان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں اور ان کے پاس اپنی کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے۔ عمران خان کا بینک بیلنس 6 کروڑ 3 لاکھ سے زائد ہے۔ ان کے دو ڈالرز اکائونٹس میں 3 لاکھ 29 ہزار ڈالرز ہیں۔ عمران خان کے ذمہ سال 2020ء میں 7 کروڑ روپے واجب الادا، سال 2021 میں کوئی قرض نہیں ہے۔ دستاویز کے مطابق عمران خان نے گذشتہ سال کا 7 کروڑ روپے قرض ادا کر دیا ہے۔ عمران خان نے اثاثوں میں 2 لاکھ روپے مالیت کی 4 بکریاں بھی ظاہر کی ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کے پاس 5 لاکھ مالیت کا فرنیچر ہے۔ عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کرائی ہیں جن کے مطابق بشریٰ بی بی کے پاس 431 کینال کی پاکپتن میں دو مختلف زمینیں ہیں جبکہ وہ بنی گالا اسلام آباد میں 3 کینال کے گھر کی مالک ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔