’’ڈان اخبار کی ہیڈلائن غلط ہے‘‘

’’ڈان اخبار کی ہیڈلائن غلط ہے‘‘

اسلام آباد(پبلک نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت پرڈان اخبار کی رپورٹنگ پر تنقید کے نشتر چلا دیئے. ڈان اخبار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں انہوں نے ڈان اخبار کی ہیڈ لائن کو غلط قرار دیدیا.

انہوں نے کہا یہ تنازعہ نہیں ہے جناب! بلکہ یک طرفہ سفاکانہ اور قاتلانہ حملہ ہے۔ یہ ان لوگوں کا قتل عام ہے جو اپنی زمین پر رہنے کی خاطر لڑ رہے ہیں اور جو ان سے چھین لی گئی ہے۔ بلاشبہ ایک آزاد فلسطین ایک دن ضرور ابھرے گا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطینی ہم منصب محمود عباس کو خط لکھ کر اسرائیلی فوج کے مسجد اقصیٰ پر حملوں پر اظہارِ تشویش کیا تھا، ان کا کہنا تھا پاکستان سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور ایک آزاد، پائیدار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا حامی ہے، پاکستان 1967 سے قبل کی سرحد اور القدس شریف بطور فلسطینی دارلحکومت کا حامی ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

یاد رہے کہ ظالم اسرائیل کے غزہ کی محصور پٹی کے مختلف علاقوں پر حملے جاری ہیں۔ جس سے شہداء کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے. سلامتی کونسل آئندہ اتوار کو ایک اجلاس کرے گی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔