ورلڈ کپ 2023: بھارت نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

ورلڈ کپ 2023: بھارت نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا
ممبئی: کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں بھارت نیوزی لینڈ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے کیویز کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔بھارتی ٹیم نے 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو 398 رنز کا ہدف دیا ۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنرز ڈیون کونوے اور راچن رویندرا 13، 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان کین ولیمسن نے 69 رنز کی اننگ کھیلی۔ ٹام لیتھم صفر پر آؤٹ ہوئے۔فلپس 41 رنز جبکہ مارک چیپمین صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 134 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی طرف سے فاسٹ بولر محمد شامی 7 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 117 ، شریاس آئیر 105رنز بناکر نمایاں رہے۔بھارتی کپتان روہت شرما نے 29 گیندوں پر 47 رنز بنا ئے۔ اوپنر شبمن گل 80 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ کے ایل راہول 39 رنزبناکر ناقابل شکست رہے جبکہ سوریا کمار یادیو نے ایک رن بنایا۔ نیوزی لینڈ کیخلاف ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ کی 50 ویں سنچری بنائی اور سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3 اور ٹرینٹ بولٹ نے1 وکٹ لی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔