اسلام آباد(پبلک نیوز) سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کیخلاف اپیل مسترد کردی، عدالت نے علی عظیم آفریدی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات بر قرار رکھے.
سپریم کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، قائمقام چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی. قائمقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نےدرخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جی آفریدی صاحب بتائیں الیکشن کمیشن میں سروینگ ججز کون ہے؟ آپ نوجوان وکیل ہیں آئینی نقطہ اٹھایا ہے.
درخواست گزار علی عظیم آفریدی نے کہا الیکشن کمیشن میں کوئی سروینگ ججز بطور ممبر کام نہیں کر رہے ہیں، قائمقام چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کہتے ہیں ریٹائرڈ بیوروکریٹ کو چیف الیکشن کمشنر نہیں لگایا جا سکتا، آپ نے کہا ہے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے چیف جسٹس سے مشاورت ہونی چاہیے، کیا آپ نے چئیرمین نیب تعیناتی کیس کا فیصلہ پڑا ہے.
چیف الیکشن کمشنر اور چئیرمین نیب جوڈیشل افسران نہیں ہوتے، درخواست میں آپ نے آئینی ترمیم کو بھی چیلنج کیا ہے، آئین کے مطابق کسی آئینی ترمیم کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا.
قائمقام چیف جسٹس نے مزید کہا آپ کی کوشش کو سہراتے ہیں آپ نے آئینی نقطہ اٹھایا. عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے علی اعظم آفریدی کی اپیل بمعہ آئینی درخواست خارج کر دی.