ویب ڈیسک: آئی فون کے نئے ماڈل کا انتظار کرنے والے صارفین کے لیے خوشخبری آ گئی۔ ایپل نے اپنا نیا فون لانچ کر دیا ہے۔ جس کے لیے گزشتہ روز خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کی دنیا بھر میں مقبولیت رکھنے والی کمپنی کی جانب سے آئی فون 13 کے چار نئے ماڈلز متعارف کروا دیئے ہیں۔ ایپل سیریز کے چاروں نئے فونز ایک ورچوئل تقریب میں متعارف کرائے جو کیلیفورنیا میں منعقد کی گئی تھی۔ تقریب میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک اور کمپنی کے دیگر حکام نے فونز متعارف کرائے۔ فائیو جی سپورٹڈ فونز کی خصوصیات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا اور قیمت بھی بتائی گئی۔ کمپنی نے چار ماڈلز پیش کیے۔ • آئی فون 13 منی • آئی فون 13 • آئی فون 13 پرو • آئی فون 13 پرو میکس آئی فون 13 میں چار طرح کے مختلف چار ماڈلز پیش کیے جبکہ میموری کے حساب سے بھی چار مختلف کیٹاگریز رکھی گئی ہیں جن میں 128 جی بی، 256 جی بی، 512 جی بی اور 1 ٹی بی شامل ہیں۔ آئی فون 13 منی 5.4 انچ، آئی فون 13 6.1 انچ، آئی فون 13 پرو 6.1 انچ اور آئی فون 12 پرو میکس 6.7 انچ ڈسپلے کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل آئی فون 12 بھی اسی طرز پر پیش کیا گیا تھا جس کو صارفین نے خاصہ پسند کیا تھا۔ لہذا سائز کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ آئی فون کی نئی سیریز اے 15 بائیونک پراسیسر کے ساتھ میدان میں اتاری گئی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی کارکردگی پچھلے برس سال والے اے 14 کی نسبت 20 فیصد زیادہ بہتر ہے جبکہ افادیت 30 فیصد بتائی گئی ہے۔ چاروں ماڈلز 5 جی سپورٹٹڈ ہیں بلکہ اس سپورٹ کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ یہ آئی فون کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کمپنی نے دو فونز میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ والا ڈسپلے بھی دیا ہے۔ آئی فون 13 سیریز میں 3 کیمروں کا بالکل نیا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔ اب کم روشنی میں وائیڈ کیمرا کے ساتھ اچھا اور معیاری رزلٹ حاصل کیا جا سکے گا جس کی سب سے بڑی وجہ اس کا سنسر ہے اور الٹرا وائیڈ سنسر بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ آئی فون 13 پرو اور پرو میکس میں ٹیلی فوٹو کمیرے اب 6 ایکس آپٹیکل زوم کے ساتھ فراہم کیے گئے ہیں۔ تینوں کیمرے نائٹ موڈ کے ساتھ دیئے گئے ہیں جبکہ سنسر شفٹ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن بھی پرو اور پرومیکس میں دیا گیا ہے۔ آئی فون 13 منی کی قیمت 699 ڈالرز یعنی پاکستانی ایک لاکھ 17 ہزار روپےرکھی گئی ہے، آئی فون 13 کی قیمت 799 ڈالرز یعنی ایک لاکھ 34 ہزار روپے ہو گی، آئی فون 13 پرو کی قیمت 999 ڈالرز یعنی ایک لاکھ 68 ہزار روپے اور آئی فون 13 پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالرز یعنی ایک لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد ہو گی۔