حمزہ شہباز وزیر اعلی پنجاب منتخب

حمزہ شہباز وزیر اعلی پنجاب منتخب
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز وزیر اعلی پنجاب منتخب ہوگئے ہیں ۔ ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا ، جس میں صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا گیا۔مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز197 ووٹ لے کر وزیر اعلی پنجاب منتخب ہوگئے ہیں ۔ حمزہ شہباز پنجاب کے 21 ویں‌وزیر اعلی منتخب ہوئے. پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب کیلئے اجلاس شدید ہنگامہ آرائی کے بعد دوبارہ شروع ہوا،پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے پنجاب اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔ قبل ازیں پنجاب اسملبی میں ہنگامہ آرائی کے دوران ن لیگی اراکین اسمبلی نے چوہدری پرویز الہی کو دھکے اور تھپڑ مارے، تشدد سے پرویز الہی زخمی ہوگئے جنہیں ایوان سے باہر نکال کر طبی امداد دی گئی۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پولیس نے داخل ہو کر اسپیکر ڈائس کا کنٹرول سنبھال لیاہے اورمزاحمت کرنے والے حکومتی اراکین اسملبی کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں ہیں۔گرفتار ہونے والوں میں واثق عباس، ندیم قریشی اور اعجاز خان شامل ہیں ۔ خیال رہے کہ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے دوران صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں شدید ہنگامہ آرائی شروع ہوگئ تھی،حکومتی ارکان نے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری پر حملہ کرکے انھیں زدوکوب کیا۔ ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری اجلاس میں پہنچے ہی تھے کہ حکومتی اراکین نے ان پر لوٹے پھینکنا شروع کر دیئے تھے۔ وزیراعلیٰ بننے کیلئے امیدواروں کو 186 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔تحریک انصاف کے ناراض ارکان کی تعداد 21 ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے 5 ارکان اپنی جماعت سے ناراض ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ارکان پر مشتمل ہے۔ موجودہ اسمبلی میں تحریک انصاف کے 183 جبکہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی کل تعداد 166 ہے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ق کے ارکان کی تعداد 10، پیپلز پارٹی کے 7 ا جبکہ ایوان میں اس وقت آزاد ارکان کی تعداد 4 ہے اور راہ حق پارٹی کا ایک رکن ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔