روٹی 16 روپے نہ کرنے پر 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج

روٹی 16 روپے نہ کرنے پر 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج
کیپشن: Case registered under 16 MPO for not paying Rs 16 for bread

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں روٹی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کیا تو اس پر نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر کی جانب سے ایک ویڈیو بیان جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی نے ویڈیو بیان میں نہ صرف پنجاب حکومت کے فیصلے پر کڑی تنقید کی بلکہ روٹی کی قیمت کم کرنے سے بھی انکار کردیا۔

جس کے بعد اب خبر آئی ہے کہ راولپنڈی پولیس نے صدر آل پاکستان نان روٹی ایسوسی ایشن کیخلاف روٹی 16 روپے نہ کرنے پر 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔جس کے بعد اب خبر آئی ہے کہ نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی کو اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔ 

دریں اثناء روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی پر ردعمل دینا شفیق قریشی کو مہنگا پڑ گیا تھا۔ آل پاکستان نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی لاپتہ ہو گئے۔

صدر ایسوسی ایشن شفیق قریشی کے صاحبزادے حمزہ قریشی نے واقعہ کی تصدیق کر دی۔ حمزہ قریشی نے بتایا کہ گزشتہ رات 1 بجے تین نامعلوم افراد آئے اور والد کو ساتھ لے کر گئے۔ والد کے بارے کوئی معلومات نہیں کہاں ہیں۔ نامعلوم افراد سے دریافت کرنے پر بتایا کہ نیو ٹاؤن تھانہ سے آئے ہیں۔

آل پاکستان ریسٹورنٹ کیٹرز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کا ردعمل:

دوسری جانب آل پاکستان نانبائی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی اور سینیئر نائب صدر سردار مشتاق کی  گرفتاری کے معاملے پر آل پاکستان ریسٹورنٹ کیٹرز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کا ردعمل بھی آگیا۔

آل پاکستان ریسٹورنٹ کیٹرز سویٹس اینڈ  بیکرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری کی جانب سے گرفتاریوں کی مذمت کی گئی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ شفیق قریشی اور سردار مشتاق کو فوری رہا کیا جائے۔ حکومت تاجروں کے خلاف بے بنیاد کارروائیاں بند کرے۔

اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا آج تک کبھی ایسا واقعہ نہیں ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ روٹی اگر سستی کروانی ہے تو پہلے گیس سستی کی جائے۔ صدر ریسٹورنٹ بیکرز ایسوسی ایشن نے مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ غریب پرور لوگ ہیں کبھی مہنگائی نہیں کی۔ ہم ٹیبل ٹاک کیلئے تیار ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مسئلہ تھا تو ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کی میٹنگ طلب کی جاتی جس میں تمام تاجر قیادت موجود ہے۔ تاجروں کے ساتھ مخالفانہ سلوک انتہائی افسوس ناک ہے۔ نون لیگ تاجروں کی نمائندہ جماعت سمجھی جاتی ہے۔ گرفتاریاں ن لیگ اور تاجر برادری میں دوریاں پیدا کرنے کی سازش ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کا روٹی 16 روپے نان 20 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے فیصلے پر عملدرآمد شروع کرنے کی کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ٹاسک سونپ دیا۔ 

ڈپٹی کمشنر حسن وقار نے کہا کہ چوبیس گھنٹوں میں 100 سے زائد تندور کی انسپیکشن کی گئی، 68 تندور مالکان سرکاری نرخ سے زائد قیمتیں وصول کرنے کے مرتکب پائے گئے۔ 

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی کرنے والے تندور مالکان کو 1 لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ضلع راولپنڈی میں 7 تندور مالکان کو خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔ راولپنڈی میں چار تندور سیل کئے گئے ہیں۔ روٹی اور نان کے سرکاری نرخ پر عمل در آمد یقینی بنایا جائے گا۔