کابینہ اجلاس؛ پیٹرول مہنگا کرنے پر مفتاح اسماعیل زیر عتاب آ گئے

کابینہ اجلاس؛ پیٹرول مہنگا کرنے پر مفتاح اسماعیل زیر عتاب آ گئے
اسلام آباد : وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں جاری ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سر منڈاتے ہی اولے پڑے، اجلاس شروع ہوتے ہی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل زیر عتاب آگئے۔ ذرائع کے مطابق وزراء نے سوالات پوچھتے ہوئےکہا مفتاح صاحب یہ آپ نے کیا کیا ہے ۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل نوے ڈالر سے بھی نیچے آگیا ہے ۔ ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلوں کے بعد عمران خان کو ہمارے خلاف تحریک چلانے کی ضرورت نہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور باپ کے وزرا ءنے بھی اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ مریم نواز کے ٹویٹس کی بھی اجلاس میں بازگشت ہوتی رہی . وزراء کا کہنا تھا کہ ڈالر نیچے آگیا تیل کی قیمتیں کم کرکے عوام کو ریلیف دیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے وزراء کا کہنا تھا کہ عوام کے ساتھ نہ کھڑے ہوئے تو عوام ہمارے خلاف کھڑے ہونگے۔ اس فیصلے پر نظر ثانی کریں اضافہ واپس لیں۔ تاہم مفتاح اسماعیل اجلاس کے دوران آئی ایم ایف کی مجبوریاں بتاتے رہے ۔ واضح رہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ ہونے کے بعد عوام کی جانب سے حکومت کو اس فیصلے پر کافی تنقید کا سامنا ہے۔ عوام کا مؤقف ہے کہ پوری دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں اس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹر صارف نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز سے درخواست کی کہ ' آپ میاں نواز شریف صاحب کو بولیں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیں۔ مریم نے اس کے جواب میں ٹوئٹر پر لکھا کہ 'میاں صاحب نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی اور یہاں تک کہہ دیا کہ میں مزید ایک پیسے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتا اور اگر حکومت کی کوئی مجبوری ہے تو میں اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں'۔ خیال رہے کہ وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور نوٹیفکیشن کے مطابق 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافےکے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233 روپے 91 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے اسی‌طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 43 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 191 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے. مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 67 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 199 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 244 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔