جلاپور پیروالا کے قریب موٹروے ایم فائیو پر آئل ٹینکر اور مسافر بس کی ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ بس رات 9 بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق رات 9 بجے کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی سلیپر بس کے مسافروں کا سفر آخرت بن گیا۔ بس ملتان سکھر موٹروے پر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی اور تصادم ہوتے ہی آگ کے شعلے بلند ہوئے، آئل ٹینکر اور بس جل کر راکھ ہو گئے۔ بس میں 24 افراد سوار تھے چند کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ کئی میل دور سے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے تھے۔ امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔ کمپنی ذرائع کے مطابق بس میں دو ڈرائیور سوار تھے۔ تمام اسٹاف نے سکھر میں تبدیل ہونا تھا۔ دو مسافروں نے حیدرآباد اور 22 نے کراچی جانا تھا۔ وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا اور مرحومین کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی۔