ملتان(پبلک نیوز) سولہویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ ٹویٹر صارفین نے پہلے نمبر پر آنے والے صاحبزادہ سلطان اور جیپ ریلی کے حق میں ٹرینڈ چلا دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹر صارفین کا کہنا تھا کہ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کے دروازے کھلیں گے۔ چولستان جیپ ریلی کے حوالے سے اس وقت ٹویٹر پر تین مختلف ٹرینڈز چل رہے ہیں۔
ٹویٹر صارف محمد اسامہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشل ریسرز کو بھی پاکستان آ کر اس ایونٹ میں شریک ہونا چاہیے۔ ظہیر عباس نے کہا کہ یہ ایونٹ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنے میں مدد دے گا۔ اس ریلی نے محبت اور امن کا پیغام دیا۔ یاد رہے کہ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کے 4 روزہ ایونٹ کے آخری روز فائنل راؤنڈ کیلئے ڈرائیورز کے درمیان تیز رفتاری کا زبردست مقابلہ ہوا۔
ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے پری پیئرڈ کیٹیگری میں صاحبزادہ سلطان نے دیگر ڈرائیورز کو پیچھے چھوڑ دیا، اُنہوں نے 385 کلو میٹر طویل ٹریک کو 3 گھنٹے 18 منٹ اور 30 سیکنڈز میں طے کیا
دفاعی چیمپیئن میر نادر مگسی کا دوسرا نمبر رہا، اُنہوں نے فاصلہ 3 گھنٹے 22 منٹ اور 40 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ جعفر عمران مگسی کی تیسری پوزیشن رہی۔ اس ایونٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خصوصی طور پر شرکت کی اور گاڑی بھی ڈرائیوکی۔