پبلک نیوز: پی ایس ایل کےشائقین کا انتظار اب ہوا ختم ، پی ایس ایل کی تیاریاں اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے پرفارمرز کی فائنل ریہرسل جاری ہے، آتش بازی اور لیزر شو کے لیے لائٹننگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، افتتاحی تقریب شام 6:30 بجے شروع ہو گی، تقریب میں گلوکار علی ظفر ، آئمہ بیگ، عارف لوہار، اور نوری اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
پی ایس ایل میں بگی کیم، سپائیڈر کیم سمیت کل تیس ہائی ڈیفینیشن کیمرے استعمال ہوں گے اور ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی دستیاب ہو گی۔
میچز کی تفصیل
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل میں چھ ٹیموں کے درمیان میچز کل سے شروع ہوں گے، پی ایس ایل کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
افتتاحی میچ
پی سی بی کا کہنا ہے کہ افتتاحی میچ کی پہلی گیند 8 بجے کرائی جائے گی۔ ڈبل ہیڈر میں دوپہر کا میچ 2 بجے جبکہ شام کے میچ کی پہلی گیند رات 7 بجے کی جائے گی۔
پی ایس ایل میچ کی رمضان ٹائمنگ
رمضان المبارک کے دوران ہونے والے میچز رات 9 بجے شروع ہوں گے۔
یاد رہے کہ قذافی اسٹیڈیم پہلی بار افتتاحی تقریب کی میزبانی کرے گا،
اس کے علاوہ افتتاحی تقریب میں آتش بازی کے ساتھ گلوکار فن کا مظاہرہ بھی کرہں گے۔
کھلاڑیوں کے تاثرات
شاداب خان
کرکٹر شاداب خان کا کہنا ہے کہ گذشتہ چار سیزن سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا کپتان رہا ہوں، اس سیزن میں اپنی ٹیم کے لیے ٹرافی اٹھانا چاہتا ہوں۔ فہیم اشرف اور اعظم خان ہماری ٹیم کے دو اہم کھلاڑی ہیں۔
شان مسعود
کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پی ایس ایل میں اپنے آبائی شہر کی ٹیم کی نمائندگی اور قیادت کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہمارے پاس اچھی کارکردگی کا بہترین موقع ہے کیونکہ ٹورنامنٹ کا آخری حصہ کراچی میں ہونا ہے۔
شاہین آفریدی
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ہماری نظریں اس بار تیسرا ٹائٹل جیتنے پر ہیں۔ پچھلے دو سیزن کی طرح اس بار بھی بھرپور پرفارمنس دیں گے۔
محمد رضوان
کپتان ملتان سلطانز محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ملتان میں اپنے ہوم گراؤنڈ سے پی ایس ایل کا آغاز کر رہے ہیں، نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہماری ٹیم کی طاقت ہے اور امید ہے کہ ہم اس بار ٹرافی اٹھائیں گے۔
بابر اعظم
بابر اعظم نے کہا کہ پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے دلچسپ ٹیموں میں سے ایک رہی ہے ، اس سیزن میں چیمپئن بننے کے لیے تیار ہیں۔
رائیلے روسو
کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان رائیلے روسوو کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے کا موقع ملنے پر فخر ہے، بطور کپتان کردار ادا کرنے کا منتظر ہوں۔