ویب ڈیسک: سسٹین ایبل سوشل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) اور آل نیبرز امریکا نے پاکستان میں بین الاقوامی مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی سمٹ 2024 کا انعقاد کیا۔ عالمی رہنماؤں، مذہبی شخصیات، سرکاری حکام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی سمٹ میں امن، ترقی اور سماجی ہم آہنگی کو بھی اجاگر کیا گیا۔ سربراہی اجلاس میں مذہبی آزادی کو درپیش چیلنجز اور دنیا بھر میں بڑھتی انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے زور دیا گیا۔
سربراہی اجلاس کا مقصد پاکستان اور دوسرے ممالک میں مختلف مذہبی اور ثقافتی برادریوں کے درمیان تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کو متحرک کرنا تھا۔
اس کانفرنس میں آل نیبرز آرگنائزیشن نے پاکستان میں بین اقوامی مذاہب ہم آہنگی کی تعلیمات کی اہمیت پر زور دیا جس میں امریکا کے وفد نے بھی شرکت کی۔ وفد نے پاکستان کے تمام بڑے شہروں کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور، لاہور اور جڑانوالہ کے دورے کیے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد میں امریکا سے آئے وفد کا کہنا تھا کہ "ہم نے پاکستان میں مختلف مذاہب کے لوگوں سے ملاقات کی ہے"۔ "یقینی طور پر مسلمان اور دوسرے مذاہب کے لوگ پاکستان میں مکمل طور پر آزاد ہیں اور اسی آزادی کے ساتھ اپنی عبادات کرتے ہیں"۔
وفد نے مزید کہا کہ "پاکستان میں مذہب کے معاملے میں اقلیتیوں پر کوئی پابندی نہیں ہے اور مذہب کے معاملے میں تمام پاکستانی تشدد کو پسند نہیں کرتے"۔ "پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور یہاں تمام مذاہب کو ماننے والے بغیر کسی تفریق کے اپنی زندگی گزار رہے ہیں"۔
اس وفد نے پاکستان میں غیر مسلموں کے لیے تمام سہولیات کو سراہا اور پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔