ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ نے ایئر سیال کو بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کی اجازت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے ائیر سیال کو عالمی پروازوں کی اجازت دے دی۔ نجی ائیرلائن کو چین، ملائشیا، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکیہ، برطانیہ اور کویت میں فلائیٹ آپریشنز شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق منظوری نیشنل ایوی ایشن پالیسی 2023 اور ائیر سروسز ایگریمنٹ کے تحت دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کنگڈم آف کولمبیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے ڈائیریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن کو وفاقی وزارت انسانی حقوق سے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے چینی سرمایہ کاری منصوبہ جات کی 30 اپریل کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سرمایہ کار وفد کی پاکستان آمد سعودی عرب اور پاکستان کے معاشی تعلقات کے حوالے سے انتہائی اہم پیشرفت ہے۔
وزیراعظم نے دورے کو کامیاب بنانے کے حوالے سے وفاقی وزراء، افسران اور اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔