ایران کے عراق میں‌ اسرائیلی اسپائی ایچ کیو ، شام میں‌داعش کے ٹھکانوں پر میزائل حملے

ایران کے عراق میں‌ اسرائیلی اسپائی ایچ کیو ، شام میں‌داعش کے ٹھکانوں پر میزائل حملے
تہران :‌ ایران نے عراق اور شام پر میزائل حملے کردیے جس میں 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہےکہ اس نے عراق کے علاقے کردستان میں قائم اسرائیل کے انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں ، اس کے علاوہ شام کے شمالی علاقے میں داعش کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔ ادھر عراق نے ایران کے حملے کو ملکی خودمختاری اور اپنے شہریوں کی سلامتی پر حملہ قرار دیا ہے۔ عراقی حکومت نے ایران کی کارروائی کو جارحیت قرار دیا ہے اور اسکی سخت مذمت کی ہے۔ عراقی حکومت کا کہنا ہے کہ ایران نے رہائشی علاقے میں حملے کیے جس میں عام شہری مارے گئے۔عراقی حکومت کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے اس حملے پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں شکایت سمیت مختلف آپشنز پر غور کررہے ہیں۔ تاہم ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اربل میں اسرائیلی انٹیلی جنس موساد کے ہیڈ کوارٹر پرحملہ کیا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے عراق اور شام میں اہداف پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا کہ تہران دوسرے ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کو روکنے کے لیے اپنا "جائز اور قانونی حق" استعمال کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ "دشمن کی جانب سے اسلامی جمہوریہ کو نشانہ بنانے کے غلط اندازے کے بعد، ایران نے اپنی اعلیٰ انٹیلی جنس صلاحیت کے ساتھ مجرموں کے ہیڈ کوارٹر کے خلاف ایک درست اور ٹارگٹڈ آپریشن میں جوابی کارروائی کی۔"
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔