وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کے رہنمائوں اور پارٹی چیئرمین عمران خان کو وارننگ دی ہے کہ وہ 17 جولائی کو دنگا فساد سے باز رہیں اور قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔ رانا ثناء اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان الیکشن ہار چکا ہے، اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔ عمران اور اس کے ٹائیگرز قانون کے دائرے میں رہیں۔ ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں۔ حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی۔ https://twitter.com/PresPMLNPunjab/status/1548198232441757698?s=20&t=m-Ht0lx8mcBbiVbIlnSSMg وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے۔ پرویز خٹک، اسد قیصر علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا۔ چار سال اقتدار میں عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے۔ عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے۔ 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے۔ رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی اگر قانون کو ہاتھ میں لے گا اور فساد کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کیخلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ ہم صاف شفاف اور پرامن الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔