اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم امن اور استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں،دنیا آج افغانستان میں قیام امن کیلئے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے،افغانستان کا امن پاکستان کے ساتھ ساتھ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا کہ اگلے چند ہفتے اور مہینے نہایت اہم ہیں جن میں معاملات سلجھ بھی سکتے ہیں اور بگاڑ بھی آ سکتا ہے،افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کا عمل پچاس فیصد تک مکمل ہو چکا ہے،افغان قیادت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مل بیٹھ کر مسئلے کا سیاسی حل نکالیں ،جنگ و جدل سے افغانستان میں پہلے ہی بہت نقصان ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر افغانستان میں حالات نوے کی دہائی کی طرف پلٹتے ہیں یا خانہ جنگی شروع ہوتی ہے تو یہ افغانوں کیلئے مزید نقصان کا باعث ہو گا ،افغان قیادت کے ساتھ انڈرسٹینڈنگ ہو چکی ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے،واضح پالیسی ہے کہ ہم افغانستان یا کسی بھی تیسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے۔