جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ دائر درخواست میں وفاقی حکومت اور اوگرا سمیت دیگر فریق بنایا گیا ہے۔ جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا یہ اقدام غیر قانونی ہے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے قبل وفاقی کابینہ سے کوئی منظوری نہیں لی گئی۔ درخواست میں عدالت سے اپیل کی گئی ہے کہ عوام کی معاشی حالت کو دیکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس بے پناہ اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز حکومت کی جانب سے تیسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے ڈیزل 59 روپے اور پیٹرول 24 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل گذشتہ ماہ 27 مئی کو پیٹرول اور ڈیزل پر 30، 30 روپے فی لیٹر جبکہ 3 جون کو بھی اتنے روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔