ویب ڈیسک: دبئی لیکس کی تحقیقات کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہری مشکور حسین کی ندیم سرور ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت، نیب ، ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ دبئی لیکس میں کئی پاکستانی سیاستدانوں اور کاروباری شخصیات کے نام آئے ہیں، ہر سیاستدان پر اپنی تمام ملکی وغیر ملکی پراپرٹی ظاہر کرنا لازم ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ ایف آئی اے، نیب اور دیگر متعلقہ اداروں کو تحقیقات کا حکم دے۔
درخواست میں کہا گیا کہ تحقیقات ہونی چاہئیں کہ پراپرٹیز منی لانڈرنگ سے تو نہیں بنائی گئیں۔ غیر قانونی پراپرٹی ثابت ہونے پر مالکان کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا جائے۔