امریکا نے بہترین کارکردگی پر سابقہ ڈائریکٹر ایف آئی اے ظہیر احمد کو ایوارڈ سے نوازا۔ تفصیلات کے مطابق یو ایس سیکرٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے ظہیر احمد کو ایوارڈ دیا۔اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ظہیر احمد ایف آئی اے میں بطور ڈائریکٹر اینٹی ہیومن سمگلنگ یونٹ تعینات رہے ہیں۔ یو ایس سیکرٹری اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے بہترین اقدامات کو سراہا۔ ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ سے متعلق قانونی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ٹریفکنگ ان پرسنز ہیرو ایوارڈ ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ظہیر احمد کی غیر معمولی کاوشوں کا اعتراف کرتا ہے۔ ایف آئی اے نے انسانی ٹریفکنگ کی روک تھام کے لئے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر موثر حکمت عملی اپنائی۔ ان کاوشوں کے نتیجے میں سالانہ ٹریفکنگ ان پرسن رپورٹ میں پاکستان کو ٹئیر 2 واچ لسٹ سے ٹئیر 2 میں اپڈگریڈ کر دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں اجتمائی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انسانی ٹریفکنگ کا خاتمہ ایف آئی اے کی اولین ترجیح ہے۔ ایف آئی اے انسانی ٹریفکنگ کی روک تھام کے لئے دیگر اداروں کی ٹریننگ میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔