اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ قائد اعظم کی جماعت ہے ، پاکستان بنانے والی جماعت ہے، قائد اعظم کے اصولوں کو جس جماعت نے زندہ رکھا وہ مسلم لیگ ن ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ہر کارکن کے دل میں بستے ہیں ، تمام کارکنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں ، اگر آپ نے چٹان کی طرح ساتھ نہ دیا ہوتا تو پارٹی آج یہاں نہ کھڑی ہوتی ۔ مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف ، اسحاق ڈار نے مشکل حالات کے باوجود ملک کو چلاکر دکھایا، پاکستا ن کی ڈولتی کشتی کو شہباز شریف نے سنبھالا، شہبا زشریف نے ہمیشہ نواز شریف کو اپنا قائد سمجھا، کوئی فیصلہ بڑا ہویا چھوٹا ، نواز شریف کی منشاء ، مرضی کے بغیر شہباز شریف نے نہیں کیا۔ سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ ن لیگ قائد اعظم کی جماعت ہے ، پاکستان بنانے والی جماعت ہے، قائد اعظم کے اصولوں کو جس جماعت نے زندہ رکھا وہ مسلم لیگ ن ہے، ملک میں ہر ترقی کے منصوبے پر ن لیگ اور نواز شریف کی مہر ہے ، اگر نواز شریف کے 9سال نکال دئیے جائیں تو کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔ انہوں نے خطاب میں کہا کہ ن لیگ نے مشکل ترین حالات کے باوجود نواز شریف ، جماعت نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، نواز شریف پر کیا کیا مشکلات نہیں آئیں، نواز شریف نے کبھی قوم کو یہ درس نہیں دیا گھروں کو جلا دو، میٹروبس جلا دو، نواز شریف نے کبھی کسی کو جلاو گھیراو کی ترغیب نہیں دی ، نواز شریف نے کہا کہ بدتمیزی کا جواب تہذیب سے دو، گالی نہ دو۔ مریم نواز نے سوال کیا کہ کبھی کسی نے سنا نواز شریف نے کسی غیر ملکی کو کہا ہو میرے حق میں بات کرو؟، ن لیگ کے رہنماوں نے کبھی روتے پیٹتے اپنی مشکلات نہیں سنائیں ، ن لیگ کے کسی رہنما نے کوئی پریس کانفرنس نہیں کی ، چٹان کی طرح جماعت کیساتھ کھڑے رہے ، حمزہ شہباز نے سب سے زیادہ دو سال جیل برداشت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی تبدیلیاں لانے والے، دھمکانے والے آئے اور واپس چلے گئے، (ن) لیگ کو مٹانے والے بڑے آئے لیکن نواز شریف آج بھی سیاسی میدان میں چمک رہا ہے۔