ڈسکہ الیکشن :پی ٹی آئی کی درخواست سپریم کورٹ سے مسترد

ڈسکہ الیکشن :پی ٹی آئی کی درخواست سپریم کورٹ سے مسترد
اسلام آباد ( پبلک نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 75ڈسکہ سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کیلئے تحریک انصاف کی درخواست مسترد کر دی ٗ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کا بے حد احترام کرتی ہے ٗ الیکشن دوبارہ ہر صورت ہو گا ٗ فیصلہ یہ کرنا ہے کہ دوبارہ الیکشن پورے حلقے میں ہونا ہے یا مخصوص پولنگ سٹیشنز میں ؟تفصیلات کے مطابق این اے 75 ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کے حکم پر دوبارہ انتخاب کو معطل کرنے کی پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کی کی۔مسلم لیگ(ن) کے وکیل سلمان اکرم راجا کے کورونا کا شکار ہونے کی وجہ سے جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ معاون وکیل سلمان اکرم راجا کو سنے بغیر فیصلہ نہیں کریں گےجسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے کہ آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں ٗ الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول آگے کر دیا ہے ٗشاید انہوں نے اسی کیس کی وجہ سے پولنگ کی تاریخ میں توسیع کی، پولنگ کی تاریخ پنجاب حکومت کی درخواست پر آگے بڑھائی گئی۔دوبارہ الیکشن تو ہو گا ٗدیکھنا یہ ہے کہ محدود پیمانے پر یا پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانا ہے، الیکشن کمیشن کے احکامات یونہی معطل نہیں کریں گے،آپ الیکشن کمیشن کا جواب پڑھیں۔پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر حلقے میں کچھ تبادلے اور تقرریاں ہونی ہیں۔تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروںا ور انتظامیہ کو این اے 75ڈسکہ میں الزام دینا غلط ہے۔

Watch Live Public News