اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارا اتحادیوں کے ساتھ ساڑھے تین سال کا تعلق اور رابطہ ہے، اتحادیوں کیساتھ رابطوں میں تسلسل ہے جبکہ اپوزیشن ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرتی آئی ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیاسی صورتحال کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے نمبرز کے حوالے سے کیے جانے والے دعوے حقیقت پر مبنی نہیں ہیں، اگر ایسا ہوتا تو انہیں اتنی تگ و دو کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ وزیر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ہمارا اتحادیوں کے ساتھ ساڑھے تین سال کا تعلق اور رابطہ ہے، ہم ملک کو سنوارنے کیلئے مشترکہ کاوش میں شامل رہے ہیں، اتحادیوں کیساتھ رابطوں میں تسلسل ہے جبکہ اپوزیشن ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرتی آئی ہے، جب خلیج زیادہ بڑی ہو تو زور بھی زیادہ لگانا پڑتا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کیا ق لیگ کے دوست نہیں جانتے کہ 2018 کے الیکشنز میں ن نے ق لیگ کے راستے میں کتنے کانٹے بچھائے؟ کیا ایم کیو ایم کے لوگ نہیں جانتے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں ان کے ساتھ کیا سلوک کیا؟ پیپلز پارٹی کی جانب سے لائے گئے بلدیاتی قانون کے خلاف وہ سراپا احتجاج تھے، ہم ان کے ساتھ ہمکلام تھے کیا وہ سلوک انہیں یاد نہیں ہو گا؟۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے بیان میں کہا کہ کیا وہ نہیں جانتے کہ پیپلزپارٹی نے پچھلے 15 سالہ اقتدار میں ان کے ووٹرز کیساتھ کیا سلوک روا رکھا؟ وقتی ملاقاتوں کی بنیاد پر صورتحال کا درست تجزیہ نہیں کیا جاسکتا، جب ہم صورتحال کو تسلسل کے زاویے سے دیکھتے ہیں تو اطمینان ہوتا ہے۔