امریکی کائونٹی کمشنر کیلئے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر اسد مجتبیٰ بلا مقابلہ نامزد

امریکی کائونٹی کمشنر کیلئے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر اسد مجتبیٰ بلا مقابلہ نامزد
کیپشن: پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر اسد مجتبیٰ
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: امریکی کاؤنٹی کمشنر کے لیے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر اسد مجتبٰی کی بلامقابلہ نامزدگی نے ایک بار پھر امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کے خصوصی ایلچی اور پاکستان پالیسی انسٹی ٹیوٹ یو ایس اے کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبٰی کے نوجوان صاحبزادے ڈاکٹر اسد مجتبٰی بھی پاک ۔ امریکا تعلقات میں شفافیت اور مضبوطی میں احسن کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

سابق ممبر صدارتی ایڈوائزری بورڈ آف ٹرمپ (ریپبلکن پارٹی) امریکا پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبٰی کے نوجوان صاحبزادے ڈاکٹر اسد مجتبٰی امریکی ریاست نیوجرسی کی پاسیک کاؤنٹی میں کاؤنٹی کمشنر کے لیے ریپبلکن پارٹی کی جانب سے بلامقابلہ امیدوار منتخب ہوگئے ہیں۔

امریکا میں مقتدر حکومتی حلقوں میں اہم مقام رکھنے والے ڈاکٹر اسد مجتبٰی نے پاکستان کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ پاکستان خطّے میں انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے اور امریکا تمام چیزوں سے قطع نظر اپنے اسٹریٹجک پارٹنر پاکستان کو نہ صرف معاشی طور پر مضبوط، خود مختار اور ترقی یافتہ دیکھنے کا خواہشمند ہے بلکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کے لیے بھی تیار ہے۔‘

ڈاکٹر اسد مجتبٰی کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی سیاست دان ذاتی مفادات و اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان اور پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے دور رس فیصلے کریں۔

انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ امریکا جیسے اپنے مخلص دوستوں کو اعتماد میں لے کر ان کی ہر ممکن مدد حاصل کی جائے۔