3 لاکھ افغان فوج چند ہزار طالبان سے کیسے ہار گئی؟

3 لاکھ افغان فوج چند ہزار طالبان سے کیسے ہار گئی؟
ویب ڈیسک؛ افغانستان کے سابق وزیر خزانہ خالد پائندہ نے بتایا ہے کہ تین لاکھ سے زائد فوجیوں والی افغان فوج کو چند ہزار طالبان نے کیسے شکست دی۔ انہوں نے اس شکست کا ذمہ دار کرپٹ فوجی افسران کو ٹھہرایا ہے۔ پائندہ کا دعویٰ ہے کہ حقیقت میں اتنے فوجی موجود ہی نہیں تھے . طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد سب کے ذہنوں میں ایک ہی سوال اٹھ رہا تھا کہ تین لاکھ سے زائد فوجیوں والی فوج چند ہزار طالبان کے ہاتھوں کیسے ہار گئی؟ اس سوال کا جواب اب مل گیا ہے۔ خالد پائندہ، جو اشرف غنی حکومت میں وزیر خزانہ تھے، کہتے ہیں کہ افغان فوجیوں کی تعداد حقیقت میں اس سے کہیں کم تھی جو کہ کاغذ وں پر تھی۔ یہی وجہ تھی کہ طالبان نے چند ہی دنوں میں ملک پر قبضہ کر لیا۔ عالمی میڈیا کی خبروں‌کے مطابق خالد پائندہ نے افغانستان کی منتخب حکومت کی شکست کا ذمہ دار بدعنوان فوجی حکام کو ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ اہلکاروں نے حکومت اور ملک کو دھوکے میں رکھا۔ انہوں نے محض کاغذ وں پر تین لاکھ سے زیادہ سپاہیوں کی فوج کھڑی کی۔ جبکہ حقیقت اس سے بالکل مختلف تھی۔ ان 'گھوسٹ سپاہیوں' کا پیسہ جنرلوں کی جیبوں میں جاتا رہا اور اس کے علاوہ یہ طالبان سے پیسے بھی لیتے رہے۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ فوج ہی نہیں پولیس کے معاملے میں بھی ایسا ہی کیا گیا۔ ملک کے خلاف سازش اور بدعنوانی کے مرتکب اعلیٰ حکام کو یہ ظاہر کیا کہ افغانستان میں طالبان کو شکست دینے کی کافی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا کھیل اعلیٰ جرنیلوں کے کہنے پر کیا گیا۔ جو فوجی اصل میں موجود نہیں تھے انہیں کاغذ وں پر دکھایا گیا اور ان کی تنخواہوں سے کرپٹ افسران کی جیبیں بھر گئیں۔ خالد پائندہ نے کہا کہ اگر عہدیداروں کے دعوؤں کی حقیقت جاننے کی کوشش کی جاتی تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔ ان کے مطابق افغانستان کے پاس بمشکل 40 سے 50 ہزار فوجی تھے . قابل ذکر بات یہ ہے کہ طالبان نے چند ہی دنوں میں افغانستان پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ افغان فوج دیگر ممالک کی فوج کی طرح مضبوط ہے اور اپنی حفاظت کرنا جانتی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔