ورلڈ کپ 2023 کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 212 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے وارنر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مچل مارش صفر پر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ ٹریوس ہیڈ62، مارنس لبوشین 18، اسٹیو اسمتھ 30، میکسویل ایک، جوش انگلس 28 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ مچل اسٹارک 38 گیندوں پر 19 اور کمنز 29 گیندوں پر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے 4کھلاڑی 24 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے تھے ، کپتان ٹمبا باووما صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کوئنٹن ڈی کوک 3، ایڈن مارکرم 10 رنز اور پھر راسی وین ڈیرڈوسن 6 رنز پر پویلین لوٹے۔ کلاسن 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری کی اور اختتامی اوورز میں 101 رنز کی اننگز کھیل کر وہ بھی پویلین لوٹے۔اس کے علاوہ کوئٹزی 19، مہاراج 4 اور رباڈا 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، ہیزل ووڈ اور ٹریوس ہیڈ نے 2،2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔