'افغانستان کو نظرانداز کرنا بہت بڑی غلطی ہوگی'

'افغانستان کو نظرانداز کرنا بہت بڑی غلطی ہوگی'
شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) کے سربراہان اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امن افغانستان میں امن سے مشروط ہے، افغانستان میں سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے لئے سب کو تعاون کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے دورہ ازبکستان کے دوسرے روز آج بروز جمعہ 16 ستمبر کو شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) کے سربراہان سے خطاب کیا۔ سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں صحت، تعلیم اور روزگار کے لئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا، تاہم افغان حکومت بھی معاشرے کے تمام طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانیوں کی قربانیوں کا ذکر بھی کیا، شہباز شریف نے اس بارے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو شکست دینے کے لئے پاکستان نے بھاری قربانیاں دی ہیں اور ہزاروں پاکستانیوں نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جانیں قربان کیں، دنیا کو دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں آنے والے سیلاب سے متعلق بھی بات کی انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب سے 1400سے زائد افراد سیلاب کے باعث جاں بحق ہوئے، جس میں 400 بچے شامل ہیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔ شہباز شریف نے دوست ممالک کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے مدد پر شکر گزار ہیں۔ کھلے آسمان تلے موجود متاثرین کو وبائی امراض کا بھی سامنا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی قیمت پاکستان نے سیلاب سے تباہ کاریوں کی صورت میں ادا کی ہے۔ پاکستان عالمی حدت اور موسمیاتی تبدیلی کے زیراثر ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ازبکستان کے دورے کے دوسرے روز کے شیڈول میں آذربائیجان، قزاقستان اور چین کے صدور سے ملاقاتیں شامل ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے دوران وزیراعظم آج بھی سمرقند میں مصروف دن گزاریں گے۔ وزیراعظم کی ایران کے صدر سے ملاقات قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات 15 ستمبر کو ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی تھی ۔ سمرقند سے موصولہ اطلاعات و اعلامیہ کے مطابق یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی ۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی پر ایرانی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا تھا دونوں رہنماوں نے موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات پر بھی بات چیت کی اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک ایران مشترکا اقتصادی کمیشن کے نتائج کا بھی جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا وزیراعظم شہباز شریف کی پیوٹن سے ملاقات پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی دورے کے پہلے روز سمر قند آمد پر روس کے صدر ولادیمر پیوٹن سے شنگھائی تعاون سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران صدر پیوٹن نے کہا کہ پاکستان کو جنوبی ایشیا میں اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں، پاکستان اور روس کے تعلقات مثبت انداز میں بڑھ رہے ہیں۔ ولادیمر پیوٹن نے پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب پر بھی پات چیت کی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہوئے جانی نقصان پر بے حد افسوس ہے، سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھجوائی گئی ہے، مزید مدد کے لئے بھی تیار ہیں۔ افغان مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان کے مسئلے کو بھی حل کرنے کی ضرورت ہے، افغانستان میں سیاسی عدم استحکام ہے جو حل ہونے کی امید ہے۔ دفتر خارجہ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں یہ بتایا گیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ،ملاقات میں دونوں رہنماؤں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفترخارجہ کے مطابق بین الحکومتی کمیشن (آئی جی سی) کا اگلا اجلاس جلد ہی اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تاجک صدر سے ملاقات وزیر اعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان قابل اعتماد، تعمیری اور اعلیٰ سطح کے رابطوں، بین الپارلیمانی روابط، دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری خبر رساں ادارے ‘اے پی پی’ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے بالخصوص افغانستان میں امن، استحکام اور سلامتی کی مضبوطی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ تاجک صدر امام علی رحمٰن نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں تاجکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد پر تاجکستان کا شکریہ ادا کیا اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والے بڑے سیلاب سے ہونے والی تباہی کی تفصیلات سےآگاہ ہے۔ بیلا روس وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ تاجک صدر امام علی رحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو تاجکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور کرغیزستان کے صدر سیدر جیپاروف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ کرغزستان وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں یہ بتایا گیا کہ وزیر اعظم شہبازشریف نے کرغزستان کے صدر صدير جیپاروف سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ کرغزستان کے صدر نے موسمیاتی تبدیلیوں کی کے باعث پاکستان میں آنے والے بڑے سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اظہار یکجہتی پرصدير جیپاروف کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔