وزیراعظم کی دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل مستقبل میں ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی۔ دیامر میں آج دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیم سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور زرعی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ وزیراعظم نے ٹیم کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کو 2029 کے بجائے 2026 تک مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا منصوبہ ہے او ر اس کی جلد ازجلد تکمیل کےلئے وفاقی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر سال بھر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کےلئے تیر ہ کلو میٹر طویل بابو سر ٹاپ ٹنل تعمیر کرنے کا اعلان کیا اور حکام کو ا س حوالے سے جائزہ رپورٹ ان کے دفتر میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو علاقے کی آبادی کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کےلئے علاقے میں جدید سہولیات سے لیس ہسپتال کی تعمیر سے متعلق رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس سے قبل چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) مزمل حسین نے وزیراعظم کو جاری تعمیراتی کام سے متعلق بریفنگ دی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔