لاہور: (ویب ڈیسک) طالبان نے افغانستان کی تمام سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں اسلامی قوانین یا شریعت کے خلاف ہیں۔ یہ اقدام ایک روز بعد سامنے آیا ہے جب ڈی فیکٹو افغان رہنماؤں نے کابل میں اقتدار میں واپسی کی دوسری سالگرہ منائی تھی۔ طالبان کے وزیر انصاف عبدالحکیم شرعی نے افغان دارالحکومت کابل میں ایک نیوز کانفرنس میں پابندی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کے کام کرنے کی کوئی شرعی بنیاد نہیں ہے۔ وہ قومی مفاد کو پورا نہیں کرتی ہیں۔ خیال رہے کہ دو سال قبل طالبان نے جنگ سے تباہ حال افغانستان پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا تھا، تب تک 70 سے زیادہ بڑی اور چھوٹی سیاسی جماعتیں وزارت انصاف میں باضابطہ طور پر رجسٹرڈ تھیں۔