کمپیوٹر یا دیگر ڈیوائسز کے مقابلے میں اب اسمارٹ فونز میں انٹرنیٹ کا زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے اور اسی وجہ سے موبائل کیلئے اچھی انٹرنیٹ اسپیڈ کی اہمیت زیادہ ہوتی ہے۔ اکثر افراد کو اسمارٹ فونز میں وائی فائی کی سست اسپیڈ کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہوتا ہے ۔ کئی بار وائی فائی انٹرنیٹ کی رفتار اتنی کم ہوتی ہے کہ ٹھنڈے مزاج کا حامل فرد بھی چڑ جاتا ہے ۔اس کی متعدد وجوہات بھی ہوتی ہیں کہ جن کے بارے میں جان کر آپ بھی اسمارٹ فون میں وائی فائی اسپیڈ کو بہتر بنا سکتے ہیں ۔ فون میں وائی فائی انٹرنیٹ اسپیڈ کم ہونے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ راؤٹر کی غلط پوزیشن ہوتی ہے ۔ دیواروں اور دروازوں کے قریب یا فرش پر رکھنے سے وائی فائی سگنل متاثر ہوتے ہیں۔اسی طرح اگر راؤٹر دور جیسے سب سے آخری کمرے میں رکھا گیا ہے تو اس سے بھی انٹرنیٹ اسپیڈ متاثر ہوتی ہے۔ایسی صورت میں راؤٹر کی پوزیشن بدل کر دیکھیں کہ وائی فائی کوریج کس حد تک بہتر ہوئی ہے۔اگر کسی وائی فائی نیٹ ورک چینل کو زیادہ افراد استعمال کر رہے ہیں تو اس سے بھی فون پر انٹرنیٹ کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔ بیشتر راؤٹرز آپ کے لیے مخصوص چینل منتخب کرتے ہیں تاہم اگر پڑوس کا وائرلیس نیٹ ورک بھی وہی چینل استعمال کررہا ہو تو سگنل متاثر ہوسکتے ہیں۔ایک اچھا راؤٹر خودکار طور پر ان حالات میں چینل بدلنے کی کوشش کرتا ہے مگر پرانے یا سستے راؤٹر پہلے سے متعین چینل تک محدود رہتے ہیں۔تو یہ محسوس ہو کہ آٹو سیٹنگ فائدہ مند نہیں تو راؤٹر کے ایڈمنسٹریٹر انٹرفیس میں جاکر خود چینل کو بدل دیں۔ سب سے عام وائرلیس ٹیکنالوجی 802.11 (وائرلیس جی) 2.4 گیگا ہرٹز فریکوئنسی پر کام کرتی ہے، متعدد وائرلیس مصنوعات جیسے مائیکرو ویو اوون کی فریکوئنسی بھی یہی ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں ڈیوائس اور راؤٹر کے درمیان مداخلت ہوتی ہے۔اس سے بچنے کے لیے اگر آپ ڈوئل بینڈ راؤٹر استعمال کررہے ہیں تو اسے 2.4 سے 5 گیگا ہرٹز پر سوئچ کردیں۔5 گیگا ہرٹز سے نہ صرف انٹرنیٹ اسپیڈ بہتر ہوگی بلکہ دیگر وائرلیس نیٹ ورکس اور ڈیوائسز سے سگنل میں مداخلت بھی کم ہوجائے گی، کیونکہ اس فریکوئنسی کو زیادہ عام استعمال نہیں کیا جاتا۔ وائی فائی سست ہونے کی ایک اور بڑی وجہ کسی سست نیٹ ورک سے فون کو کنکٹ کرنا ہے۔گھر میں فلموں کو اسٹریم کرنے، ویڈیو گیمز ڈاؤن لوڈ کرنے یا دیگر اپ ڈیٹس کے نتیجے میں مجموعی انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوتی ہے۔اس نیٹ ورک سے کنکٹ ہونے پر اسمارٹ فونز پر بھی انٹرنیٹ اسپیڈ سست ہوتی ہے۔فون میں انٹرنیٹ کی سست رفتار کئی بار کسی سست فون کی نشانی بھی ہوتی ہے۔ہوسکتا ہے کہ وائی فائی کنکشن کی رفتار اچھی ہو، موبائل ڈیٹا کوریج بھی بہترین ہو مگر آپ کا فون اس رفتار کا ساتھ دینے سے قاصر ہو۔ موجودہ عہد میں ایپس اور ویب سائٹس کو زیادہ ریسورسز کی ضرورت ہوتی ہے، تو فون سست ہو تو اچھی انٹرنیٹ اسپیڈ سے بھی زیادہ مدد نہیں ملتی، کیونکہ فون کا ہارڈوئیر کسی ویب پیج کو رینڈر کرنے کے لیے زیادہ وقت لگاتا ہے۔یہ مسئلہ پرانے یا سستے فونز میں زیادہ عام ہوتا ہے، مگر کئی بار مہنگے اور نئے فونز کے صارفین کو بھی اس کا سامنا ہوتا ہے۔ بہت زیادہ ایپس کو ڈاؤن لوڈ کرنے سے بھی فون کا ہارڈ وئیر سست ہو جاتا ہے۔