عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے نجی ٹیلی وژن کے ایک پروگرام میں اپنی تیسری شادی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے ہونے والے شوہر کو سرپرائز ملے گا۔ خیال رہے کہ ریحام خان نے جنوری 2015 میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے دوسری شادی کی تھی لیکن ان کی یہ شادی بھی صرف 10 ماہ میں ہی ختم ہو گئی تھی۔ اب طلاق کے 7 برس بعد انہوں نے تیسری شادی پر بات کی ہے۔ ریحام خان نے بتایا کہ ان کے ہاتھ میں تیسری شادی کی لکیر ہے، اور اس لکیر کی پیش گوئی ان کی ایک رشتہ دار خاتون نے کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے گھر میں بھی ان کی تیسری شادی سے متعلق باتیں ہوتی رہتی ہیں۔ ایک مرتبہ ان کے بھائی نے ان کے ایک بھانجے کو یہ دھمکی دے کر شادی پر راضی کیا کہ اگر وہ شادی نہیں کریں گے تو ان کی خالہ یعنی ریحام خان تیسری شادی کر لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے بھائی مذہبی خیال کے ہیں اور انہوں نے ان کی تیسری شادی کی دھمکی دے کر بھانجے کو شادی پر راضی کیا تھا۔ اسی دوران مسکراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی تیسری شادی ہو گئی تو ان کے تیسرے شوہر کو سرپرائز ملے گا۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی دونوں شادیوں پر مہندی نہیں لگائی تھی، کیوں کہ انہیں مہندی لگانے اور چوڑیاں پہننے کا شوق نہیں۔مگر بیٹی کی ضد پر کبھی کبھار ہاتھوں پر مہندی سجاتی ہیں۔ یاد رہے کہ انہیں پہلی شادی سے تین جواں سالہ بچے بھی ہیں جو کہ برطانیہ میں مقیم ہیں۔