اسلام آباد (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں حزب اختلاف نے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کے لیے فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے درخواست کیے جانے پر تحریک واپسی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے اپوزیشن نے درخواست جمع کرائی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے اس لیے احتجاج کے طور پر تحریک کی قرار داد داخل کی۔ امید کرتے ہیں آئندہ اس طرح نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر نے طویل ترین تقریر کی جس کے بعد سپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ حکومت نے جو قوانین 10 جون سے پاس کروائے، اپوزیشن کا موقف ہے ان میں قانونی تقاضے پورے نہیں ہوئے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس قانون سازی کے حوالے کمیٹی بنائی جائے گی۔سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی تشکیل کی وجہ سے اپوزیشن ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے گی۔