کورونا کے خلاف جنگ، مومن ثاقب نے ایوارڈ اپنے نام کر لیا

کورونا کے خلاف جنگ، مومن ثاقب نے ایوارڈ اپنے نام کر لیا

ویب ڈیسک: مومن ثاقب نے کامن ویلتھ یوتھ کووڈ 19 ہیرو کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔

کامن ویلتھ نے پاکستانی نژاد برطانوی طالب علم مومن ثاقب کو کووڈ 19 یوتھ ہیرو قرار دے دیا۔ دنیا بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے ایوارڈ دینے کی تقریب بھی آن لائن ہوئی۔واضح رہے کہ مومن ثاقب کو یہ ایوارڈ کورونا وباء کے دوران سماجی خدمات کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔ مومن نے مارچ 2020 میں "ون ملین میلز" کے نام سے رضا کاروں پر مشتمل ٹیم کے ذریعے ایک پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت ایک لاکھ افراد کو مفت کھانا فراہم کیا گیا، کھانے کی ترسیل کے لیے اس مہم میں 200 سے زائد مقامات کا انتخاب کیا گیا جن میں اسپتال، ٹرسٹس اور فوڈ بینک بھی شامل تھے۔

یاد رہے کہ کامن ویلتھ اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا بھر میں نوجوانوں کے سماجی کاموں کی حوصلہ افزائی کے لیے اعزازات کا اعلان کرتا ہے۔

مومن ثاقب ایک وائرل ویڈیو کے ذریعے دنیا بھر میں اس وقت مشہور ہو گئے تھے جب انہوں نے ورلڈ کپ 2019 کے ایک میچ کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بری پرفارمنس پر سخت مایوسی اور رنج کا اظہار کیا تھا۔ مومن کے انداز کو اس وقت دنیا بھر میں موجود کرکٹ شائقین میں پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کے بعد سے مومن ثاقب دیگر کئی حوالوں سے میڈیا پر نظر آتے رہے ہیں۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔