”فیصلہ ہوا تھا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہو گا“

”فیصلہ ہوا تھا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہو گا“

اسلام آباد (پبلک نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ ن سے ہوگا، یہ فیصلہ ہوا تھا۔ مسلم لیگ ن نے سینیٹر اعظم تارڑ کو اپوزیشن لیڈر کے لئے نامزد کیا ہے۔

گزشتہ روز پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کے بعد سامنے آنے والی صورتحال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رائے سے اختلاف کرتا ہوں مگر انہیں اختلاف رائے کا حق ہے۔ ہم نے کونسل آف ایلڈرز میں کوئی نام نہیں دیا۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کو دیا گیا، اعظم تارڑ پر سب نے اتفاق کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ آج قیاس آرائیاں ہورہی ہیں پی ڈی ایم کے حوالے سے۔ آج بہت سے افراد نے سوال اٹھائے ہیں۔ پی ڈی ایم متحد ہے، قائم ہے اور نیا سیاسی نظام دے گی۔ پی ڈی ایم کسی حکومت کو صرف ہٹانے کے لیے نہیں نظام تبدیل کرنے آئے ہیں۔ جب تک ملک آئین کے مطابق نہیں چلے گا، نیا سیاسی نظام نہیں آئے گا یہ ملک نہیں چلے گا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب تک الیکشن چوری ختم نہیں ہوگی، جب تک آئین توڑنا ملک سے غداری نہیں ہوگا اس وقت تک ملک نہیں چلے گا۔ ہمیں اقتدار نہیں چاہیئے، ہم صرف اور صرف نظام میں اصلاحات چاہتے ہیں۔ پی ڈی ایم نے اتفاق رائے سے تمام فیصلے کیے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ استعفوں پر اتفاق رائے قائم نہیں ہوسکا ہے، پیپلز پارٹی کو مہلت دی گئی ہے کہ آپ سی ای سی سے اجازت لیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔