کوہاٹ: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شکر ہے ، سپریم کورٹ نے آج لوٹوں کے ووٹ کو رد کردیا، سپریم کورٹ نے پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا۔ کوہاٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ آج کوہاٹ کی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ ہے، پوری طرح لائٹنگ نہیں، جو اصل تعداد ہے وہ دکھائی نہیں دے رہی، آج کوہاٹ میں حقیقی آزادی کا جذبہ دیکھ رہا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے لگی ہیں، امپورٹڈ حکومت خوف زدہ ہے،ان پر اسوقت خوف طاری ہے۔ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کا بڑا شوق تھا، اس نے بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی، شہباز شریف کے پاس جوتے پالش کرنے کا بہترین فن ہے۔ آج ن لیگ کے مقابلے میں واقعی زرداری بھاری ہے، ساری گالیاں ن لیگ کو پڑرہی ہیں اور زرداری مزے کر رہا ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ڈالرکے مقابلے میں روپیہ گر رہا ہے،ہم نے روس سے تیل خریدنے کافیصلہ کیا تھا، روس سے تیل لینے سے عوام کو 30 فیصد پیٹرول سستا ملناتھا۔انہوں نے کہا کہ کل ان کی آئی ایم ایف سے میٹنگ ہے، مریکیوں کو جانتا ہوں یہ ڈالر ایسے نہیں دیں گے، مزید غلامی کرائیں گے، یہ کہیں گے ڈالر دو ورنہ عمران خان پھر واپس آ جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ آج جو حکومت ہے یہ ہمیں کہتے رہے آپ نا اہل ہیں، ہم تجربہ کار ہیں، کدھر گیا وہ تجربہ؟ ملک کی معیشت تباہ کردی گئی ہے،جب انھوں نے ہماری حکومت گرائی سب سے زیادہ ڈالر ملک میں آرہا تھا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بیرون ملک پاکستانیوں نے پروگرام بنائے، ہم نے سب سے زیادہ برآمدات کیں، انڈسٹری کو اوپراٹھایا، پاکستان میں 50 سال بعد ہم نے ڈیم بنانا شروع کیے تھے۔