لاہور: نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالے 30، 40 دہشت گرد زمان پارک میں چھپے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے 9 مئی واقعات میں ملوث زمان پارک میں موجود افراد کو حوالے کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30، 40 دہشت گرد زمان پارک میں چھپے ہیں، 24گھنٹے میں دہشت گرد حوالے کر دیں ورنہ کارروائی ہو گی۔ عامر میر نے کہا کہ ثبوت ہیں زمان پارک میں موجود ہینڈلرز دہشت گردوں سے رابطے میں تھے، فیصلہ ہو گیا ان شرپسندوں کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو گا۔ ان لوگوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ ہوگیا ہےکہ دہشت گردوں کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا، 3400 ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں، 254 مقدمات درج ہیں، شناخت کا عمل جاری ہے۔