ویب ڈیسک: سپر سٹار ماہرہ خان کی اپنی شادی کی تقریب میں عابدہ پروین کے صوفیانہ کلام پر جھومنے کی ویڈیو سامنے آگئی، ویڈیو میں انکے شوہر سلیم کریم بھی موجود ہیں جو اپنی بیگم سے رومانوی انداز میں محبت کرتے نظر آرہے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق اداکارہ کی شادی کی تقریبات کا انعقاد بھوربن میں کیا گیا، شادی کی مختلف تقریبات میں قوالی نائٹ بھی شامل تھی جس میں عابدہ پروین نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا،اپنی شادی کی اس تقریب میں ماہر ہ خان نے گولڈن و سبز رنگ کا لہنگا اور ہاتھوں میں اسی مناسبت سے چوڑیاں پہن رکھی تھیں جبکہ ان کے خاوند سلیم کریم نے سیاہ رنگ کا بہترین لباس زیب تن کر رکھا تھا۔
اس خاص تقریب میں عابدہ پروین نے اپنا مشہور صوفی کلام ’تو جھوم‘ پیش کیا تو وہاں موجود تمام مہمان جھومنے پر مجبور ہوگئے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماہرہ خان کے خاوند اپنی اہلیہ کو بانہوں میں لے کر جھوم رہے ہیں، یہی ہی نہیں ہاتھ پر بوسہ بھی دیا۔
اس تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ پر تنقید کی اور کہا کہ انہیں دیکھ کر دوسری اداکارائیں بھی اسی طرح بے حیائی پھیلاتی ہیں۔