ویب ڈیسک: بشریٰ بی بی کی بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقلی کی عدم پیروری پر خارج درخواست کو دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشری بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی عدم پیروی پر خارج کی گئی درخواست دوبارہ بحال کردی ہے۔ بشری بی بی کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کا مرکزی کیس پیر کو سماعت کے لیے مقرر ہے۔ اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن نے بھی بشری بی بی کی درخواست بحالی کی مخالفت نہیں کی۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سب جیل کے لوازمات کیا ہیں؟ آئندہ سماعت پیر کو عدالت کی معاونت کی جائے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشری بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ بشری بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل جبکہ اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے عدم پیروی پر بشری بی بی کی درخواست خارج کردی تھی۔
بشری بی بی کے وکلاء نے درخواست بحال کرنے کے لیے دوبارہ متفرق درخواست دائر کی تھی۔
عدالت نے مرکزی درخواست پیر کو مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔